تنقید کے بعد رجب بٹ نے متنازع بیان پر معذرت کرلی

پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ایک متنازع ویڈیو کلپ پر شدید ردعمل کے بعد معذرت کرلی۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل زید علی ٹی کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران رجب بٹ کی جانب سے زید علی کے چہرے کے تاثرات سے متعلق ایک ایسا تبصرہ کیا گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین اور بعض دیگر ڈیجیٹل کریئیٹرز نے اعتراض کیا۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد رجب بٹ کے بیان کو بچوں سے جنسی زیادتی جیسے سنگین اور حساس معاملے کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے تنقید کی گئی۔
بعد ازاں رجب بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحت کرتے ہوئے اپنی بات کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ انہیں اس نوعیت کا مذاق نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ محفلوں میں اس طرح کے مذاق سننے کو ملتے ہیں، تاہم کسی غلط بات کا عام ہونا اسے درست ثابت نہیں کرتا۔ ان کے مطابق پاکستان میں اس حساس مسئلے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اپنے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ احتیاط برتنی چاہیے تھی۔
رجب بٹ نے اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان افراد سے معذرت کی جن کے جذبات مجروح ہوئے یا جنہیں ان کے الفاظ سے تکلیف پہنچی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویڈیو پرانی ہونے کے باوجود اس بات کو اپنے بیان کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعے سے سبق حاصل کرنے اور آئندہ زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
رجب بٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی معذرت کا اردو متن شیئر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے متنازع بیان اور معافی کے حوالے سے بحث جاری ہے۔









