بلوچستان کی ترقی اور امن پاکستان کے مستقبل سے جڑے ہیں: عاصم منیر

0
11
بلوچستان کی ترقی اور امن پاکستان کے مستقبل سے جڑے ہیں: عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور یہ تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کو باصلاحیت، ثابت قدم اور محب وطن قرار دیتے ہوئے صوبے میں امن و استحکام کو ترقی کے لیے بنیادی ضرورت قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عمائدین، سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پائیدار امن اور واضح قومی بیانیہ صوبے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن قائم ہونے سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکے گا۔

انہوں نے نوجوانوں کو بلوچستان کا اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع دینا ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مطابق ریاست مخالف عناصر بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے، ترقی کا راستہ روکنے اور عوام و ریاست کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عزائم کا مقابلہ قومی اتحاد اور ریاست کے مضبوط ردعمل کے ذریعے کیا جائے گا۔

انہوں نے بلوچستان کے عمائدین اور سماجی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ امن، سماجی ہم آہنگی اور مثبت قومی بیانیے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی خواہشات کو بھی اجاگر کرنا ضروری ہے۔

ملاقات میں شرکا نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا اور پرامن و مستحکم بلوچستان کے قیام کے لیے ریاستی اداروں اور عوام کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave a reply