این بی سی میزبان کے سوالات پر ٹرمپ کا واک آؤٹ، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران سخت سوالات کا سامنا کرنے کے بعد گفتگو قبل از وقت ختم کر دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر گردش کر رہی ہے۔
این بی سی کے معروف پروگرام “میٹ دی پریس” میں میزبان کرسٹن ویلکر کے ساتھ گفتگو کے دوران انتخابی نظام اور ووٹوں کی گنتی کے عمل پر بحث ہوئی۔ انٹرویو میں ٹرمپ نے کیلیفورنیا میں ووٹوں کی گنتی میں تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے انتخابی عمل پر سوالات اٹھائے۔
میزبان نے جب ان سے انتخابی دھاندلی کے دعوؤں کے حوالے سے ثبوت طلب کیے تو دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی۔ ویلکر نے مؤقف اختیار کیا کہ دھاندلی کے دعوؤں کی تائید میں کوئی واضح شواہد موجود نہیں، جبکہ ٹرمپ نے اپنے خدشات کا اظہار جاری رکھا تاہم کوئی مخصوص ثبوت پیش نہیں کیا۔
گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے متعدد امریکی میڈیا اداروں پر جانبداری کا الزام بھی عائد کیا۔ دوسری جانب میزبان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی غیر جانب داری کا دفاع کیا۔
بحث کے دوران ماحول مزید کشیدہ ہو گیا، جس کے بعد ٹرمپ نے انٹرویو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے مائیکروفون اتار دیا اور مزید سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔
میزبان نے انٹرویو جاری رکھنے کی کوشش کی، تاہم صدر ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ کافی وقت دے چکے ہیں اور میڈیا کو اپنی رپورٹنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ اور صحافیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ سامنے آیا ہو۔ اس سے قبل بھی مختلف پریس کانفرنسوں اور انٹرویوز میں وہ بعض میڈیا نمائندوں اور اداروں پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد اس واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تبصرے اور ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔








