
اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے موجودہ سہ ماہی ریلیف کی مدت رواں ماہ ختم ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد آئندہ ماہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 1.99 روپے کی کمی کا فائدہ دیا جا رہا ہے۔ اس ریلیف کے باعث صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
یہ سہ ماہی ریلیف جون 2026 سے نافذ ہے اور اس کی مدت اگست میں مکمل ہوجائے گی۔ اس کے بعد اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نافذ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نئی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے (نیپرا) سے رجوع کرلیا ہے۔ درخواست میں صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو تقریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے۔
تاہم صارفین کے لیے بجلی کے نرخ میں حتمی کتنا اضافہ ہوگا، اس کا فیصلہ نیپرا کی جانب سے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔








