اے آئی کی وجہ سے ملازمین کی برطرفی پر اہم عدالتی فیصلہ

0
4
اے آئی کی وجہ سے ملازمین کی برطرفی پر اہم عدالتی فیصلہ

چین میں ایک عدالت نے ایک اہم مقدمے میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنیوں کو صرف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کو بنیاد بنا کر ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یہ فیصلہ ہوانگژو کی ایک عدالت نے سنایا، جو چین کے اُن شہروں میں شامل ہے جہاں اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، ملازمین کو نوکری سے نکالنے کے لیے واضح اور قانونی وجوہات ہونا ضروری ہیں، جبکہ صرف ٹیکنالوجی یا اے آئی کو وجہ بنانا قابل قبول نہیں۔ اسی طرح عدالت نے یہ بھی کہا کہ تنخواہوں میں بلا جواز کمی بھی غیر قانونی تصور کی جائے گی۔
یہ کیس ایک ٹیک کمپنی کے سابق ملازم نے دائر کیا تھا، جسے مبینہ طور پر بغیر مناسب معاوضے کے ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے اپنے مقدمے میں ان دیگر ورکرز کا بھی حوالہ دیا جنہیں اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔
مقدمے کے وکیل کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ دور میں اے آئی کے بڑھتے اثرات کے حوالے سے ایک اہم قانونی مثال ہے، اور اس سے کمپنیوں پر یہ ذمہ داری واضح ہوتی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ سماجی اور قانونی تقاضوں کو بھی پورا کریں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں یہ بھی کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم اسے قوانین اور انسانی حقوق کے دائرے میں رہ کر استعمال کرنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی ملازمین کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی مہارتوں کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔

Leave a reply