
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ سے متعلق اجلاس میں صوبے میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب بھر میں 5 ہزار نئی الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جائیں گی تاکہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ای ٹیکسیوں، الیکٹرک بائیکس اور ای تھری وہیلرز کے منصوبے بھی متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صرف الیکٹرک بسیں ہی نہیں بلکہ ان کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جن پر حکومت 70 ہزار روپے فی بائیک سبسڈی دے گی۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ طالبات کے لیے ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی، جبکہ سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں تعمیراتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔








