
ہالی وڈ اداکارہ این ہیتھوے کی ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہی گئی باتوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں انہوں نے گفتگو کے دوران “انشاء اللہ” کا استعمال کیا، جسے صارفین کی بڑی تعداد نے مثبت انداز میں لیا ہے۔
امریکی میگزین پیپل کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے عمر بڑھنے اور اس سے جڑے خوف کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنا ایک فطری عمل ہے جسے قبول کرنا چاہیے، کیونکہ انسان کے پاس یا تو زندگی کے اس مرحلے کو اپنانے کا راستہ ہوتا ہے یا پھر جوانی کے خاتمے کے خوف میں رہنے کا۔
انہوں نے کہا کہ چالیس کی دہائی میں وہ پہلے سے زیادہ پُرسکون اور پُراعتماد محسوس کرتی ہیں، جبکہ ماضی میں وہ خود پر زیادہ سخت تنقید کرتی تھیں، مگر وقت کے ساتھ انہوں نے خود کو قبول کرنا سیکھ لیا ہے۔
اداکارہ نے صحت مند اور طویل زندگی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے گفتگو میں “انشاء اللہ” کہا، جس پر انٹرویو لینے والے بھی کچھ دیر کے لیے حیران رہ گئے۔
یہ لمحہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے میں آئے۔ کئی صارفین نے ان کے انداز کو سراہا اور محبت بھرے تبصرے کیے، جبکہ کچھ نے اسے دلچسپ اور غیر متوقع قرار دیا۔









