
Sri Lanka Cricket نے عوامی ردعمل اور کرکٹ حلقوں کی تنقید کے بعد Lanka Premier League Season 6 میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی کے لیے سوشل میڈیا فالوورز کی شرط واپس لے لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ انتظامیہ نے نئی پلیئر رجسٹریشن اور ڈرافٹ گائیڈ جاری کرتے ہوئے آئیکون اور اسٹار کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے ڈھائی لاکھ سوشل میڈیا فالوورز کی لازمی شرط ختم کر دی ہے۔
اس سے قبل جاری کردہ ڈرافٹ میں کہا گیا تھا کہ آئیکون اور اسٹار کیٹیگری کے کرکٹرز کے لیے بڑی فین فالوونگ ضروری ہوگی، جبکہ گولڈ کیٹیگری کے لیے بھی کم از کم ڈیڑھ لاکھ فالوورز کی شرط رکھی گئی تھی۔
اس فیصلے پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی تھی۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی ان کی کارکردگی، مہارت اور تجربے کی بنیاد پر ہونی چاہیے، نہ کہ آن لائن مقبولیت پر۔
شائقین نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ ماضی میں سری لنکن کرکٹ حکام کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا کے کم استعمال اور کھیل پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے رہے ہیں، اس لیے نئی شرط متضاد دکھائی دیتی تھی۔
تاہم تازہ ضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کو تشہیری سرگرمیوں، مداحوں سے رابطے اور سوشل میڈیا پوسٹس میں حصہ لینا ہوگا۔









