ایلون مسک بمقابلہ امبانی؟ اسٹارلنک تنازع پرمودی حکومت بھی میدان میں آ گئی

0
13
ایلون مسک بمقابلہ امبانی؟ اسٹارلنک تنازع پرمودی حکومت بھی میدان میں آ گئی

بھارت میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک کی تجارتی سرگرمیوں کے آغاز پر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارت میں کاروباری مسابقت اور مبینہ اجارہ داری پر سوالات اٹھائے ہیں۔
ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر مکیش امبانی کو طنزیہ انداز میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ بھارت کے اصل مالک یا باس امبانی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا اسٹار لنک کو بھارتی مارکیٹ میں مقابلے کی اجازت دی جائے گی یا طاقتور کاروباری مفادات اس کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔
مسک کے مطابق، اسٹار لنک قانونی اور سیکیورٹی تقاضے پورے کرنے کے باوجود بھارت میں لائسنس کے حصول میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔
اس تنازع پر بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے مسک کے خدشات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اجارہ داری کے بجائے تمام کمپنیوں کے لیے یکساں مواقع چاہتے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسٹار لنک سمیت سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنیوں کو قومی سلامتی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
بھارتی وزیر برائے مواصلات جیوترادتیہ سندھیا کے مطابق، اسٹار لنک، جیو سیٹ کام اور ون ویب سیکیورٹی اور ریگولیٹری مراحل سے گزر رہی ہیں۔
دریں اثنا، ریلائنس جیو اور بھارتی ایئرٹیل بھی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے شعبے میں سرگرم ہیں۔ مکیش امبانی کے بیٹے آکاش امبانی نے تنازع پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی بھارتی صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

Leave a reply