حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک ختم کرانے کیلئے مولانا فضل الرحمان ثالثی پر تیار

0
18
حکومت اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک ختم کرانے کیلئے مولانا فضل الرحمان ثالثی پر تیار

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جاری سیاسی مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ثالثی کا کردار ادا کرنیکی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دونوں نے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے ثالثی سے قبل فریقین کے سامنے چند شرائط بھی رکھی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پہلے حکومت اور اپوزیشن کے مؤقف اور مطالبات کا جائزہ لیں گے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر دونوں جانب سے بنیادی معاملات پر لچک اور ایک دوسرے کے مؤقف کو تسلیم کرنے کی آمادگی نظر آئی تو وہ مذاکرات میں درمیانی راستہ نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ثالثی کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہونے کے بعد مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں سیاسی مذاکرات کی بحالی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں وفد میں رانا ثنا اللہ اور طارق فضل چوہدری بھی شامل تھے۔ ملاقات میں حکومتی نمائندوں نے سیاسی صورتحال اور مذاکرات میں پیدا ہونے والے تعطل سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ پسِ پردہ رابطے جاری ہیں اور حکومت سیاسی راستے کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب حکومتی وفد سے قبل پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد کے نمائندے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر چکے ہیں، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مذاکراتی عمل پر بات چیت ہوئی۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا آغاز 2 اکتوبر کو ہوا تھا، تاہم دو روزہ مذاکرات کسی حتمی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔ اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان اختلافات برقرار رہے۔

مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ مارچ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پشاور سے چارسدہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش کی جا چکی ہے، تاہم اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود اچکزئی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کے لیے بنیادی شرط بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینا ہے۔

Leave a reply