اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات لانے کا منصوبہ سامنے آگیا

0
101
اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات لانے کا منصوبہ سامنے آگیا

آرٹیفیشل انٹیلی جنس ماڈلز کی تیاری اور انہیں چلانے کے اخراجات بڑھنے کے باعث اوپن اے آئی اپنے معروف چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق کمپنی اینڈرائیڈ ورژن میں اس فیچر کی آزمائش کر رہی ہے، اور ایپ کے اندرونی کوڈ میں اشتہارات سے متعلق حصے بھی دیکھے گئے ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب اور کس شکل میں تمام صارفین کے لیے جاری ہوگا۔

اوپن اے آئی پہلے ہی عندیہ دے چکی ہے کہ اگر اشتہارات شامل کیے گئے تو وہ صارف کے مزاج اور دلچسپی کے مطابق دکھائے جائیں گے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر صارف کی چیٹ ہسٹری کو بھی اشتہارات کے انتخاب میں استعمال کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کا مواد چیٹ بوٹ کے اصل جوابات سے الگ رہے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ قدم حیران کن نہیں، کیونکہ طویل عرصے سے پیشگوئی کی جا رہی تھی کہ اے آئی سروسز کو برقرار رکھنے کے لیے اشتہارات کا سہارا لیا جائے گا۔ گوگل اور مائیکرو سافٹ کے اے آئی چیٹ بوٹس میں بھی اشتہارات کی آزمائش جاری ہے۔

اس وقت چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 80 کروڑ سے زیادہ بتائی جاتی ہے، جن میں سے بڑی تعداد اسے بالکل مفت استعمال کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اشتہارات کمپنی کے لیے ایک ممکنہ آمدنی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

Leave a reply