اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، ترسیلاتِ زر پر اربوں روپے کے انعامات

0
7
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، ترسیلاتِ زر پر اربوں روپے کے انعامات

اسلام آباد: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ ذرائع سے پاکستان ترسیلاتِ زر بھیجنے کی ترغیب دینے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی انعامی اسکیم متعارف کرا دی ہے۔

پاسبَان ریمی ٹنس ریوارڈ اسکیم کے تحت سالانہ بنیاد پر مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔ اسکیم میں متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے انعامات کا نصف حصہ مختص کیا گیا ہے۔

کون افراد اہل ہوں گے؟

اس اسکیم کے لیے وہ مستحق افراد اہل قرار پائیں گے جنہیں بیرونِ ملک سے مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ کم از کم 100 امریکی ڈالر یا اس کے مساوی رقم بینک اکاؤنٹ میں ترسیلاتِ زر کی صورت میں موصول ہو۔

اہل مہینے میں موصول ہونے والی ہر 100 ڈالر کی رقم پر ایک ڈیجیٹل انٹری دی جائے گی۔ یوں زیادہ رقم موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی میں انٹریز کی تعداد بھی بڑھ جائے گی۔

مثلاً تین ماہ کے دوران اگر کسی مستحق کو بالترتیب 100، 200 اور 300 ڈالر موصول ہوں تو اسے مجموعی طور پر 6 انٹریز حاصل ہوں گی۔

اس اسکیم میں شرکت کے لیے کسی فیس یا اضافی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بینکوں کی جانب سے ٹکٹ خریدنے، اضافی رقم جمع کرانے یا کم از کم اکاؤنٹ بیلنس رکھنے کی شرط بھی عائد نہیں کی جائے گی۔

ہر تین ماہ بعد کروڑوں روپے کے انعامات

اسٹیٹ بینک کے مطابق ہر سہ ماہی قرعہ اندازی میں 2,521 انعامات دیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت 4 ارب روپے ہوگی۔

ہر قرعہ اندازی میں:

– ایک شخص کو 10 کروڑ روپے کا پہلا انعام ملے گا۔
– 20 افراد کو 2 کروڑ 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
– 100 افراد کو 1 کروڑ روپے فی کس کا انعام ملے گا۔
– 2,400 افراد 1 لاکھ روپے فی کس حاصل کریں گے۔

اس طرح سال بھر میں چار قرعہ اندازیوں کے ذریعے مجموعی طور پر 16 ارب روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

خلیجی ممالک کے لیے 50 فیصد انعامات

اسکیم کے انعامات مختلف خطوں سے پاکستان آنے والی ترسیلاتِ زر کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔ خلیجی ممالک، جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، کے لیے مجموعی انعامی رقم کا 50 فیصد مختص کیا گیا ہے۔

برطانیہ کے لیے 15 فیصد، یورپ کے لیے 15 فیصد، شمالی امریکا کے لیے 10 فیصد جبکہ دیگر ممالک کے لیے 10 فیصد حصہ مقرر کیا گیا ہے۔

تاہم 10 کروڑ روپے کا پہلا انعام تمام اہل خطوں سے ترسیلات بھیجنے والے مستحقین کے لیے دستیاب ہوگا۔

پہلا قرعہ اندازی کب ہوگی؟

پاسبَان اسکیم کے تحت پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2027 کو ہوگی۔ اس میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 کے دوران موصول ہونے والی اہل ترسیلاتِ زر کو شامل کیا جائے گا۔

قرعہ اندازی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کرائی جائے گی، جبکہ نتائج اسکیم کی ویب سائٹ، شریک بینکوں، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور متعلقہ سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیے جائیں گے۔

اسکیم کا مقصد کیا ہے؟

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک پاکستانیوں کو غیر رسمی ذرائع کے بجائے بینکوں اور دیگر قانونی مالیاتی چینلز کے ذریعے رقم پاکستان بھیجنے کی ترغیب دینا ہے۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر لاکھوں خاندانوں کے لیے مالی معاونت کا اہم ذریعہ ہیں اور ملکی معیشت میں بھی ان کا نمایاں کردار ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاسبَان اسکیم بینکاری شعبے کی جانب سے فراہم کی جائے گی اور اس پر قومی خزانے یا حکومت کو براہِ راست مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔

Leave a reply