اسلام آباد: سیف سٹی کیمروں کو نقصان پہنچانے پر 20 لاکھ روپے جرمانہ

0
11
اسلام آباد: سیف سٹی کیمروں کو نقصان پہنچانے پر 20 لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد میں سیف سٹی کے کیمروں اور نگرانی کے نظام کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے نیا آرڈیننس نافذ کر دیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے آرڈیننس کے مطابق سیف سٹی کے کسی کیمرے یا اس سے منسلک حفاظتی نظام کو نقصان پہنچانے کی صورت میں فی کیمرہ 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

نئے قانون میں توڑ پھوڑ کے علاوہ کسی دوسرے شخص کو سیف سٹی کے آلات کو نقصان پہنچانے پر اکسانے یا ترغیب دینے کو بھی قابلِ سزا عمل قرار دیا گیا ہے۔

آرڈیننس کے مطابق احتجاج، جلسے یا دھرنے کے دوران اگر سیف سٹی کے کیمروں یا دیگر متعلقہ آلات کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری منتظمین پر عائد کی جا سکے گی۔

حکومت کی جانب سے وصول کیے جانے والے جرمانے اور نقصان کے ازالے کی رقم سیف سٹی کے متاثرہ آلات کی مرمت یا نئے آلات کی تنصیب کے لیے استعمال کی جائے گی۔

قانون میں متاثرہ افراد اور منتظمین کے لیے اپیل کا طریقہ کار بھی شامل کیا گیا ہے۔ کسی فیصلے کے خلاف 30 روز کے اندر متعلقہ مجاز فورم سے رجوع کیا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق نئے آرڈیننس کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب نگرانی کے نظام اور دیگر حفاظتی تنصیبات کو نقصان سے محفوظ رکھنا اور سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ یقینی بنانا ہے۔

Leave a reply