انڈونیشیا لرز اٹھا! 7.7 شدت کے زلزلے سے تباہی، 5 افراد جاں بحق

انڈونیشیا کے مشرقی نوسا تنگارا صوبے کے قریب سمندر میں 7.7 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس کے بعد ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ حکام نے شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہوئے، جو مبینہ طور پر اپنے گھروں میں سو رہے تھے اور ملبے تلے دب گئے۔ ابتدائی طور پر ایک ہلاکت اور چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
زلزلے کے جھٹکے فلورس جزیرے کے شہر ماؤمیرے میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں ایک عمارت کا حصہ گرنے سے ملبہ پھیل گیا اور شہری خوف کے باعث سڑکوں پر نکل آئے۔ زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔
انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی کے مطابق ابتدائی زلزلہ صبح تقریباً 4 بج کر 58 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، تاہم مختلف اداروں کی جانب سے گہرائی کے اعداد و شمار میں فرق سامنے آیا۔
حکام نے احتیاطی طور پر ساحلی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کیا تھا، جسے زلزلے کے تقریباً تین گھنٹے بعد ختم کر دیا گیا۔ آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے بھی کہا کہ اس زلزلے سے آسٹریلیا کی سرزمین، جزائر یا علاقوں کے لیے سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔








