اسلام آباد مارچ پی ٹی آئی کی آخری کوشش ہوگی، خواجہ آصف

0
3
اسلام آباد مارچ پی ٹی آئی کی آخری کوشش ہوگی، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال ایک فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہی ہے اور حکومت وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی اجازت نہیں دے گی۔

ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینا مناسب طرزِ عمل نہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور جوہری ریاست کا دارالحکومت ہے اور حکومت احتجاج کے نام پر کسی ایسی کارروائی کو قبول نہیں کرے گی جو ریاستی نظم و نسق کو متاثر کرے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد کا رخ کرتے ہیں تو یہ ان کی اس نوعیت کی آخری کوشش ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ شاید احتجاج کے لیے کارکن اسلام آباد آئیں ہی نہ، اور یہ صورتحال بھی اپنے طور پر ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ احتجاج روکنے کی کوشش کی گئی تو کارکن سخت ردعمل دے سکتے ہیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما جنید اکبر نے کہا تھا کہ اگر احتجاج کو دبانے کی کوشش کی گئی تو اس مرتبہ کارکن خاموش نہیں رہیں گے۔ دوسری جانب حکومتی وزرا واضح کر چکے ہیں کہ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ادھر پی ٹی آئی کی سابق رہنما فوزیہ قصوری نے بھی احتجاج کے دوران اسلام آباد پر حملے جیسے بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، تاہم ریاست اور سکیورٹی اداروں کے خلاف مہم یا تشدد کی بات قابل قبول نہیں ہونی چاہیے۔

فوزیہ قصوری نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ احتجاج کے بجائے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں پر توجہ دے اور اپنے سیاسی مؤقف کو عملی اقدامات کے ذریعے پیش کرے۔

Leave a reply