
جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے مینز ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے چین کو 0-3 سے شکست دے کر کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
پول بی کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے کوارٹر میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے کھیل کا پانسہ پلٹتے ہوئے صرف چند منٹوں کے دوران تین گول اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر محمود نے 19ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔
سفیان خان نے 24ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے قومی ٹیم کی برتری دگنی کردی، جبکہ 28ویں منٹ میں حنان شاہد نے عمدہ فیلڈ گول کے ذریعے پاکستان کی برتری 0-3 کردی۔
میچ کے باقی حصے میں چین کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور پاکستان نے تین گول کی برتری برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کے موجودہ ہاکی ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی ہے۔









