اسرائیل کو امریکا سے بڑے پیمانے پر فوجی سامان کی فراہمی، مجموعی حجم 6,500 ٹن سے زائد قرار

اسرائیلی حکام کے مطابق امریکا کی جانب سے ایک بڑے لاجسٹک آپریشن کے تحت اسرائیل کو ہزاروں ٹن فوجی ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے۔ اس کھیپ میں گولہ بارود، فوجی گاڑیاں اور دیگر دفاعی آلات شامل بتائے گئے ہیں، جو فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے اسرائیل پہنچائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ سامان اشدود اور حیفہ کی بندرگاہوں پر دو کارگو جہازوں کے ذریعے اتارا گیا۔ اسرائیلی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ حالیہ ترسیل کے ساتھ ملٹری سپلائی کا مجموعی حجم 115,000 ٹن سے تجاوز کر چکا ہے، جو مختلف فضائی اور بحری مشنز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس امدادی اور لاجسٹک عمل میں ہزاروں یونٹس پر مشتمل اسلحہ، زمینی اور فضائی ہتھیار، فوجی ٹرکس اور جدید جنگی گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ ترسیلات ایک منظم بین الاقوامی تعاون کا حصہ ہیں۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق امریکا سے یہ مسلسل سپلائی اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی استعداد بڑھانے کے لیے اہم ہے۔
وزارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ کارگو پروازوں اور بحری ترسیل کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے اور مختلف علاقائی تنازعات کے باعث کشیدگی برقرار ہے۔









