ارباز خان کی گاڑی میں نامعلوم شخص کی اچانک گھسنے کی کوشش، سیکیورٹی ٹیم حرکت میں آگئی

بالی ووڈ اداکار اور فلم ساز کو کولکتہ میں ایک تقریب کے دوران غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک نامعلوم شخص اچانک ان کی گاڑی میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ارباز خان ایک ایونٹ میں شرکت کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کے حصار میں اپنی گاڑی کی جانب بڑھ رہے تھے۔ اسی دوران وہاں موجود ایک شخص نے موقع پا کر گاڑی کا دروازہ کھولا اور اندر جا بیٹھا۔
اچانک پیش آنے والے اس واقعے نے موقع پر موجود افراد اور سیکیورٹی عملے کو حیران کر دیا۔ چند لمحوں کے لیے صورتحال کشیدہ نظر آئی، تاہم محافظوں نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے گاڑی کا دروازہ کھولا اور مذکورہ شخص کو باہر نکال لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس غیر متوقع واقعے پر ارباز خان بھی حیران دکھائی دیے۔ سیکیورٹی ٹیم نے مختصر وقت میں حالات پر قابو پا لیا اور اداکار کو بحفاظت وہاں سے روانہ کر دیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ارباز خان اور ان کی اہلیہ سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ گفتگو کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے تھے۔
چند روز قبل ایک صارف نے شورا خان سے عمر کے فرق اور شادی سے متعلق طنزیہ سوال کیا تھا۔ اس پر ناراضی ظاہر کرنے کے بجائے انہوں نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے جواب دیا کہ ارباز خان کوئی بوڑھے شخص نہیں بلکہ ایک “نایاب ونٹیج ماڈل” ہیں۔
شورا خان کے اس جواب کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا اور اسے تنقید کا مثبت اور خوش مزاج انداز میں جواب قرار دیا گیا۔









