آزاد کشمیر: مسلم لیگ ن نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کر دیا

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے بیرسٹر افتخار گیلانی کو امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، سیاسی معاملات اورپارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر غورکیاگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اہم رہنماؤں شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو بھی اجلاس میں مدعو کیا تھا۔ نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور مزید مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنما اپنی مشاورت کے بعد مرکزی قیادت کو آگاہ کریں گے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو شیڈول ہے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر حکومت میں وزیرِ تعلیم کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔









