آبنائے ہرمز کی صورتحال کے خدشات، عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ جاری

0
13
آبنائے ہرمز کی صورتحال کے خدشات، عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ جاری

عالمی توانائی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات اور مشرق وسطیٰ میں سیاسی کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 116.8 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 4.9 فیصد اضافے کے ساتھ 104.8 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
گزشتہ دنوں بھی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا، جہاں برینٹ کروڈ ایک دن میں 3.86 فیصد اضافے کے بعد 112.39 ڈالر فی بیرل تک پہنچا، جبکہ WTI میں 5.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 101.37 ڈالر فی بیرل پر آ گیا تھا۔ اس سے قبل بھی برینٹ کروڈ 110 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر چکا تھا۔
توانائی مارکیٹ میں یہ اتار چڑھاؤ اس وقت مزید بڑھا جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔ اس صورتحال نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی سے متعلق غیر یقینی کو بڑھا دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی پالیسی ساز ایران کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ تجاویز سے مکمل طور پر مطمئن نہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ جاری رہا تو عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ درآمدی تیل پر انحصار کرنے والے ممالک کے لیے تجارتی خسارہ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس کا اثر معیشت اور عام صارفین پر پڑ سکتا ہے۔

Leave a reply