آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد قسط منظور کرلی

0
5
آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد قسط منظور کرلی

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر سے زائد کی نئی قسط کی منظوری دے دی۔ فیصلہ واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جہاں پاکستان کے معاشی پروگرام اور اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ رقم پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگرامز کے تحت فراہم کی جائے گی۔ مجموعی پروگرام کا حجم تقریباً 7 ارب ڈالر بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائزہ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر جاری کیے جانے کا امکان پہلے ہی ظاہر کیا جا رہا تھا، جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے تحت اضافی 210 ملین ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے۔

وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 27 مارچ کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، جس کے بعد حکومت نے پروگرام سے متعلق متعدد شرائط اور پیشگی اقدامات مکمل کیے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ نے اسی معاہدے کی بنیاد پر قرض کی منظوری دی۔ وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان نے مطلوبہ معاشی اہداف اور شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا، جس کے بعد قرض کی قسط کی منظوری ممکن ہوئی۔

Leave a reply