
ہاٹ لائن نیوز : خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس لائنز پر علی الصبح حملے میں 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
دہشت گردوں کے حملے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوہر زمان سمیت 2 اہلکار شہید ہوئے جب کہ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس لائن میں داخل ہوتے ہی چار دستی بم پھینکے اور ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے پولیس لائن کی چھت پر موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید حملہ آوروں کے پولیس لائن میں داخل ہونے کی اطلاع ہے، سیکیورٹی فورسز نے ٹانک ڈیرہ ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے، اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جب کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جاری ہے۔