
خیبرپختونخوا کے اضلاع مہمند اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنا دیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 28 اور 29 اپریل کو ہونے والی ان کارروائیوں میں سرحد پار سے داخل ہونے والے مشتبہ گروہوں کی بروقت نشاندہی کی گئی۔ مہمند کے علاقے میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
مزید برآں، پاکستان نے افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ سرحدی نگرانی کو مؤثر بنائیں اور اپنی سرزمین کو عسکریت پسندوں کے استعمال سے روکنے کے لیے اقدامات کریں۔









