خرگوش ملک کے 70 فیصد رقبے پر قابض ہو گئے
آسٹریلیا: ( ہاٹ لائن نیوز) خرگوش انتہائی معصوم، خوب صورت اور نقصان نہ پہنچانے والا جانور ہے، لیکن یہی معصوم جانور آسٹریلیا کے 70 فیصد رقبے پر قابض ہو کر آسٹریلیا کے لیے دردِ سر بن گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں کروڑوں کی تعداد میں موجود خرگوش حیاتیات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں جب کہ ان کو روکنے کی ہر کوشش بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
1859 ء میں ایک آسٹریلوی شہری تھامس آسٹن انگیلنڈ سے 24 خرگوش آسٹریلیا لے کر آیا تھا ، لیکن اب ان خرگوشوں کی تعداد 30 کروڑ سے زیادہ ہو چکی ہے۔
یہ خرگوش فصلوں اور مقامی پودوں کی مختلف انواع کو بری طرح برباد کر رہے ہیں، خرگوشوں کی وجہ سے مقامی انواع کی بقا خطرے میں پڑ چکی ہے ۔
آسٹریلیا کی وزارت برائے خوراک و زراعت کا کہنا ہے کہ خرگوشوں کی وجہ سے ملک کو ہر سال تقریباً 13 کروڑ امریکی ڈالرز کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
خرگوشوں کو ختم کرنے کے لیے آسٹریلیا ہر ممکن کوشش کر رہا ہے یہاں تک کہ پھندے لگانا ، خرگوشوں کی رہائش گاہوں کو تباہ کرنا، ان کو زہر دینا اور دھماکہ خیز مواد استعمال کرنا بھی شامل ہے ۔
1950 میں سائنس کی مدد سے ایسا وائرس تیار کیا گیا جو خرگوشوں میں کینسر کا باعث بننے لگا ، آغاز میں تو کامیابی ملی اور خرگوشوں کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی، لیکن جلد ہی یہ حربہ بھی ناکام ہو گیا ، اس کے بعد خرگوشوں میں بخار پیدا کرنیوالا وائرس استعمال کیا گیا ، جو مچھروں کے ذریعے نیوزی لینڈ جا پہنچا ۔
آسٹریلیا میں اس وقت خرگوشوں کی تعداد 30 کروڑ ہے جب کہ آسٹریلیوی حکومت کے مطابق ان کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش جاری ہے ۔