پرندوں سے بھی سیکھا جا سکتا ہے

انسان کو اللہ تعالیٰ نے سوچنے سمجھنے اور غوروفکر کی بے بہا دولت عطا فرمائی ہے۔ کائنات کی ہر شے کچھ نہ کچھ سکھا رہی ہے جس پر غور وفکر سے انسانی ذہن کی پرتیں کھلنے لگتی ہیں، نئے زاویے اس پر عیاں ہونے لگتے ہیں اور امکانات کی نئی منزلیں اپنی طرف بلانے لگتی ہیں۔خدا کی کائنات میں پرندوں پر غور کریں تو حیرتوں کے جہان دکھائی دینے لگتے ہیں۔ ہر پرندے کا الگ رنگ، جدا مزاج، مختلف آواز، منفرد جسامت، پسند ناپسند، پرواز کے دائرے، رہن سہن کے انداز، کھانے پینے کی عادتیں، الغرض ہر ایک کی الگ کائنات، الگ جہان اور اپنی الگ دنیا ہے۔
پرندوں کا ڈسپلن شاید ان کا سب سے زیادہ قابل توجہ پہلو ہے۔ان کے ہاں نہ سستی ہے، نہ غیر ضروری آرام طلبی کا تصور ہے، نہ کام کو کل پہ ڈالنے کی روش ہے۔ایک ترتیب ہے جس کو معمول کے مطابق سرانجام دینا ان سے سیکھنے والی اہم ترین چیز ہے۔یہ صبح سویرے رزق کی تلاش میں نکلتے ہیں اور شام کو واپس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ ضرورت کا رزق لیتے ہیں، جماعت کی صورت نکلتے ہیں، ضرورت کا کھاتے ہیں۔ زیادہ تر پرندے انسان کے ذوق جمال کو جلا بخشتے ہیں، کسی کے رنگ ایسے جاذب نظر ہیں کہ انسان دیکھتا رہ جائے، کسی کی آواز ایسی مدھر ہے کہ کانوں میں رس گھولنے لگتی ہے، کسی کی اوڑان ایسی دلآویز ہے کہ بس دیکھتے رہ جائیں۔
ایسا نہیں ہے کہ ان کی زندگی میں مشکلات نہیں ہے، خطرات نہیں ہیں، جان کا خطرہ نہیں ہے لیکن اس سب کے باوجود وہ فطرت کے ساتھ جیتے ہیں۔ انھیں بھی بھوک کے مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے، شکاریوں کے لگے جال ہمہ وقت ان کی تاک میں رہتے ہیں، موسموں کی سختی انھیں ہجرتوں پر بھی مجبور کر دیتی ہے لیکن وہ تگ و دو کے ایک مسلسل نظام میں محوِ سفر ہیں۔جان کا خطرہ انھیں سفر سے نہیں روکتا، بھوک کا خوف انھیں مایوس نہیں کرتا اور ہجرتوں کے پڑاؤ انھیں کم حوصلہ نہیں کرتے۔ہر طرح کے حالات میں محوِ سفر رہنا ہی ان کی زندگی ہے۔
پرندوں کی دنیا قدرت کی ایک ایسی کھلی کتاب ہے جس میں انسان کے لیے صبر، وفاداری، محنت، آزادی، نظم و ضبط، خودداری اور باہمی تعاون کے بے شمار سبق پوشیدہ ہیں۔ اگر ہم مختلف پرندوں کی عادات کو غور سے دیکھیں تو ان میں انسانی تربیت کے بہت سے پہلو جلوہ گر ہیں۔عقاب کی پرواز ہمیں بلندیوں کی طرف دیکھنے کی علامتی ترغیب دیتی ہے۔ننھی سی چڑیا اپنے گھونسلے کے لیے تنکے جمع کرتے ہوئے سکھاتی ہے کہ چھوٹی چھوٹی کوششیں ہی دراصل بڑی کامیابی کا زینہ ہوتی ہیں۔کبوتر ہمیں صلح جوئی، نرم گفتاری اور امن پسندی کی تعلیم دیتا ہے۔
ہنس ہجرتوں کا پرندہ ہے جوباہمی تعاون اور اجتماعی نظم کی خوبصورت مثال ہے۔ ہجرت کے وقت یہ ایک خاص ترتیب سے توانائی بچاتے ہیں اور دوران پرواز ہر ایک اپنی پوزیشن تبدیل کرتا ہے جس سے کسی ایک پر بھی زیادہ مشقت اور بوجھ نہیں پڑتا بلکہ یکساں تقسیم ہو کر منزل تک پہنچنے کا سبب بن جاتا ہے۔اْلّوکا نام ہم صرف دوسروں کو کم عقل ثابت کرنے کے لیے ہی استعمال کرتے ہیں لیکن یہ غور و فکر اور مشاہدہ کی زبردست قوت و صلاحیت کا حامل ہوتا ہے۔اس کی بڑی آنکھیں ہمیں توجہ اور انہماک سکھاتی ہیں۔ حالات کو سمجھنا، فوری رد عمل سے گریز، مسلسل غوروخوض اور مشاہدہ کے بعد کسی فیصلے یا نتیجے پر پہنچنے کا پیغام دیتی ہیں۔
مور اپنی دلکشی اور منفرد پروں کی وجہ سے پرندوں میں نمایاں شان رکھتا ہے۔وہ سکھاتا ہے کہ خوبصورتی ایک نعمت ہے اور اس کے ساتھ عاجزی اس خوبی کی شان میں اضافہ کرتی ہے اور کردار محض شکل و صورت سے تکمیل نہیں پاتا۔اپنی صلاحیتوں پر خوش اور خوبیوں پر ناز بجا لیکن اس کے سبب دوسروں کو کمتر سمجھنے کی روش نقصان دہ ہے۔کنگ فشر جسے بگلہ بھی کہتے ہیں یہ توجہ اور بروقت فیصلے کا بہترین استعارہ ہے۔یہ فضا سے شکار کی تلاش کے دوران گہری توجہ کا مظاہرہ کرتا ہے اور مناسب موقع پاتے ہی اپنے شکارکو اچک لیتا ہے۔کامیابی کے لیے درست وقت کا انتخاب یہیں سے سیکھا جا سکتا ہے۔
کوّا ذہانت اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت سے مالا ہے۔ یہ اپنی ذہانت، سیکھنے اور بعض حالات میں اوزار استعمال کرنے کی صلاحیت کے لیے معروف ہے۔ یہ سکھاتا ہے کہ مشکل کا حل ہمیشہ طاقت سے نہیں، تدبیر سے بھی نکل سکتا ہے۔بلبل کے ظاہری خدوخال تو جاذب نظر نہیں لیکن اس کی آواز ضرب المثل ہے جو سکھاتی ہے کہ ظاہری حسن وجمال نہ ہوتے ہوئے بھی کوئی ایسی صلاحیت پیدا کی جا سکتی ہے جوکامیابی کا زینہ بن جاتی ہے۔اس سے سبق ملتا ہے کہ زندگی میں صرف مادی کامیابی ہی کافی نہیں بلکہ،اچھی گفتگو، فنی کمال، ادب اور حسنِ احساس بھی شخصیت کو مکمل کرتے ہیں اور ظاہری جمال کہیں بہت پیچھے رہ جاتا ہے۔
انسان کا مقصد بلند ، کردار مضبوط،خوبی اور عاجزی کا امتزاج،درست وقت کے انتظار کا حوصلہ، بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت، تسلسل سے محنت اور چھوٹی کوشش کو حقیر نہ سمجھنے سے ہی بڑے نتائج پیدا ہوتے ہیں۔پرندے بولتے نہیں، مگر ان کی زندگی میں انسان کے لیے بہت سی مثالیں موجود ہیں۔ چڑیا ہمیں محنت کی اہمیت سمجھاتی ہے، عقاب بلند مقصد کی یاد دلاتا ہے، ہنس اجتماعی تعاون کا منظر پیش کرتے ہیں اور کوا ذہانت سے مسئلے حل کرنے کی مثال دیتا ہے لیکن اصل سوال پرندوں کی خوبیوں کا نہیں، ہماری اپنی تربیت کا ہے۔
کبھی صبح کے وقت چند لمحے خاموشی سے بیٹھ کر پرندوں کی آوازیں سنیں۔ ضروری نہیں کہ ہمیں ان کی زبان سمجھ آ جائے۔ کبھی کبھی سننا ہی سمجھنے کی پہلی سیڑھی ہوتا ہے۔جب صبح دروازے پر دستک دے تو یہ صرف ایک نئے دن کی ابتدا نہیں بلکہ بہتر انسان بننے کا ایک اور موقع ہے جو زندگی شاید روز عطا کرتی ہے۔









