شاندار پنجاب اور افسروں کی پہچان

شاندار پنجاب اور افسروں کی پہچان

تحریر: محسن گورایہ

پنجاب ایک ایسا صوبہ،جس کے بارے عمومی تاثر رہا، یہاں سب کچھ ہے مگر اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے والا کوئی نہیں، تاریخ و تہذیب، دریا و صحرا، پہاڑ و جنگلات، مذہبی مقامات، تاریخی شہر جن کی ایک ایک گلی صدیوں کی کہانی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، لیکن بدقسمتی سے ایک طویل عرصے تک پنجاب کے پاس مری کے سوا دکھانے کے لئے کچھ تھا ہی نہیں، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی، پنجاب، ٹورازم کے حوالے سے کئی اچھے سیاحتی ممالک سے کم نہیں، مسئلہ وسائل، ان وسائل کو دریافت کرنے، سہولتوں سے آراستہ کرنے اور دنیا کے سامنے متعارف کروانے کا تھا، بعض اوقات سکیورٹی کے مسائل، بعض علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور سیاحتی انفراسٹرکچر کے فقدان کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد وہ نہیں رہی جس کی پنجاب صلاحیت رکھتا تھا، لیکن اب صورت حال تبدیل ہوتی محسوس ہو رہی ہے، محکمہ سیاحت پنجاب کی مسلسل محنت کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں،پنجاب آہستہ آہستہ ایک ایسے سیاحتی صوبے کے طور پر اُبھر رہا ہے جہاں سیاحوں کے لئے صرف ایک دو نہیں بلکہ بے شمار مقامات موجود ہیں،اس تبدیلی کا کریڈٹ سابق سیکرٹری سیاحت اور موجودہ سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ اور موجودہ سیکرٹری سیاحت سقراط امان رانا کو جاتا ہے، جن کے دور میں سیاحت کے حوالے سے کئی نئے پہلوؤں پر توجہ دی گئی، یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے، حکومتیں منصوبے بنا سکتی ہیں، بجٹ دے سکتی ہیں اور پالیسیاں تشکیل دے سکتی ہیں، لیکن کسی بھی شعبے کی اصل کامیابی اس بات سے وابستہ ہوتی ہے کہ اس کی قیادت کس قسم کے ہاتھوں میں دی جاتی ہے، ایک فعال افسر ایک معمولی سے محکمے کو نمایاں بنا سکتا ہے جبکہ غیر فعال قیادت ایک بڑے اور اہم ادارے کو بھی صرف فائلوں اور اجلاسوں تک محدود کر دیتی ہے، یہی فرق آج پنجاب کی گورننس میں بھی نظر آتا ہے۔
پنجاب کے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کو اس بات کا کریڈٹ ضرور دینا چاہئے کہ وہ محنتی اور کام کرنے والے افسروں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی اپنی محنت، کام کرنے کی رفتار اور انتظامی گرفت اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی، چھ ماہ قبل یار لوگ ان کے پنجاب سے جانے کی باتیں کر رہے تھے تو میں نے لکھا تھا وہ کہیں نہیں جا رہے،اب پھر لکھ رہا ہوں وہ ادھر ہی رہیں گے،دوسرا میں نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ ان کے دور میں پنجاب کے سیکرٹریوں، کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کی غالب تعداد اچھی کارکردگی دکھانے والے افسروں پر مشتمل رہی ہے، مگر کچھ افسر ایسے ہوتے ہیں جو میدان میں اتر کر کام کرتے ہیں اور کچھ ایسے ہوتے ہیں جن کے پاس کام سے زیادہ باتیں ہوتی ہیں، چیف سیکرٹری کو شاید اب افسروں میں یہ فرق مزید سختی سے دیکھنا ہو گا،کیونکہ جب بھی کسی اہم پوسٹ پر کوئی ایسا افسر آ جاتا ہے جسے ہم عرف عام میں ”پروفیسر ٹائپ افسر“ کہہ سکتے ہیں تو پھر فائلوں سے زیادہ لیکچر، اجلاسوں سے زیادہ بھاشن اور نتائج سے زیادہ وضاحتیں سامنے آتی ہیں مگر حکومتیں صرف باتوں سے نہیں چلتیں،اس کی ایک مثال ہارٹی کلچر اتھارٹی کے حوالے سے بھی دیکھی جا سکتی ہے، گزشتہ چند برسوں میں راجہ منصور احمد اور طاہر وٹو نے اس ادارے میں محنت کی اور نتائج بھی دیے، پنجاب کے شہروں کی خوب صورتی، گرین بیلٹس اور شہری ماحول بہتر بنانے کے لئے پی ایچ اے جیسے ادارے کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں، مگر چند ماہ پہلے یہاں ایک ایسی تعیناتی ہوئی جس کے بعد معاملات کی سمت ہی تبدیل ہوتی نظر آئی، آخرکار دوبارہ منصور ہی پی ایچ اے کا راجہ ٹھہرا، حالانکہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی میں بھی نہ صرف سخت محنت کر رہے تھے بلکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی مصروف تھے، یہی سوال پھر پیدا ہوتا ہے کہ اگر کسی ادارے میں اچھا کام کرنے والا افسر موجود ہے تو اسے بار بار وہاں سے کیوں ہٹایا جاتا ہے؟ اور اگر ہٹایا جاتا ہے تو اس کی جگہ آنے والا شخص کم از کم پہلے سے بہتر ہونا چاہئے،یہی معاملہ بعض دوسری اہم پوسٹوں کے حوالے سے بھی زیر بحث ہے، سیکرٹری سروسز اور کمشنر لاہور جیسے عہدے ایسے نہیں جہاں صرف اچھے بھاشن، طویل اجلاس یا انتظامی فلسفے کافی ہوں، یہ پوسٹیں فوری فیصلوں، عملی حکمت عملی اور نتائج مانگتی ہیں، اداروں اور افسروں کا محض وٹہ سٹہ کر دینا شاید کسی زمانے میں انتظامی حکمت عملی سمجھا جاتا رہا ہو، لیکن اب وٹے سٹے کا زمانہ گزر چکا ہے، اب ہر پوسٹ کے لئے سوال صرف ایک ہونا چاہئے، یہ افسر وہاں کیا نتیجہ دے گا؟
پنجاب میں جہاں کام ہو رہا ہے وہاں نظر بھی آتا ہے، اوقاف اور ٹورازم کے شعبوں میں اس وقت ہونے والا کام محسوس کیا جا سکتا ہے، خصوصاً پنجاب کے دور افتادہ مگر انتہائی اہم ڈویژن ڈیرہ غازی خان میں ایسی سرگرمیوں کی گونج اب دوسرے علاقوں تک پہنچ رہی ہے، ڈیزرٹ ریلی اور دیگر سیاحتی سرگرمیوں نے اس خطے کی ایک نئی شناخت متعارف کروانے کی کوشش کی ہے،یہاں صوبائی سروس سے تعلق رکھنے والے کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد کا کردار بھی نمایاں ہے، مجھے یاد پڑتا ہے انہوں نے صوبائی سروس کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، بعد ازاں بورڈ آف ریونیو میں تعیناتی کے دوران بھی وہ اصلاحاتی اور انتظامی کاموں میں نمایاں رہے، ان کے ڈویژن میں ایک ضلع لیہ کے صوبائی سروس سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کمشنر آصف ڈوگر نے بھی اپنی کارکردگی سے اچھا نام پیدا کیا ہے۔ یہ مثالیں ایک پرانے مگر اہم سوال کو پھر زندہ کرتی ہیں کہ صوبائی سروس کے قابل اور تجربہ کار افسروں کو مناسب مواقع کیوں نہ دیے جائیں؟ صوبائی سروس میں صلاحیت رکھنے والے افسروں کی کمی نہیں، ضرورت صرف یہ ہے کہ انہیں پوسٹنگ اور ترقی کے معاملات میں محض سروس کے نام سے نہیں بلکہ کارکردگی سے دیکھا جائے، اسی سلسلے میں صوبائی سروس کے ایک اچھے افسر نوید شہزاد مرزا کو ڈائریکٹر جنرل لیبر پنجاب تعینات کیا گیا ہے، امید کی جانی چاہئے کہ ان کی تعیناتی سے اب وہاں مزدوروں کی ویلفیئر بھی ہو گی،سیاحت کی بات ہو اور جھنگ یاد نہ آئے، جہاں جیپ ریلی کا کمال ایونٹ ہوا ، پنجاب میں ”ستھرا پنجاب“ جیسے فلیگ شپ منصوبے کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں بھی بابر صاحب دین نے اپنی صلاحیت اور محنت کا ثبوت دیا، اطلاعات ہیں کہ انہیں دوبارہ کوئی اچھی اور اہم ذمہ داری دی جا رہی ہے۔
خبر ہے کہ کسی دوسرے صوبے سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ایک انتہائی محنتی اور سینئر سیکرٹری لیول کے افسر پنجاب چھوڑنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، اگر واقعی ایسا ہوتا ہے تو پنجاب کے انتظامی نظام کیلئے یہ نقصان ہو گا، وفاقی دارالحکومت میں بھی دلچسپ انتظامی تبدیلی متوقع ہے، ایک سینئر افسر کے پاکستان کرکٹ بورڈ جانے کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ وہاں تعینات افسر وزیراعظم کی نظروں میں ہیں، اسی انتظامی چین میں پنجاب کے ایک انتہائی محنتی افسر کو وفاقی دارالحکومت میں بڑی ذمہ داری دینے پر بھی غور کی اطلاعات ہیں،آخر میں پنجاب کی سیاسی راہداریوں کی ایک دلچسپ خبر بھی سن لیجیے، پنجاب کے دو قریبی وزرا میں سے ایک کو فی الحال بچا لیا گیا ہے، جبکہ دوسرے کی قربانی جلد دیے جانے کی باتیں ہیں۔

Leave a reply