ٹرمپ کی ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے گانے غائب، وجہ سامنے نہ آسکی

0
18
ٹرمپ کی ویڈیوز سے ٹیلر سوئفٹ کے گانے غائب، وجہ سامنے نہ آسکی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور وائٹ ہاؤس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری کی گئی بعض ویڈیوز میں استعمال ہونے والے گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے اب ہٹا دیے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ماضی میں ٹرمپ کی مہم اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوئفٹ کے مختلف گانوں کو ویڈیوز میں پس منظر کی موسیقی کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، تاہم حالیہ دنوں میں بعض ایسی ویڈیوز میں تبدیلی کی گئی ہے۔

ابھی تک وائٹ ہاؤس یا ٹیلرسوئفٹ کے نمائندوں نےاس معاملے پرکوئی باضابطہ وضاحت نہیں دی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ گانے ہٹانیکا فیصلہ کسوجہ سے کیا گیا اور آیا گلوکارہ یا ان کی ٹیم نے موسیقی کے استعمال پر کوئی اعتراض اٹھایا تھا۔

ٹیلر سوئفٹ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سیاسی اختلافات پہلے سے موجود ہیں۔ سوئفٹ نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کی تھی، جبکہ 2020 میں بھی وہ ٹرمپ کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کر چکی ہیں۔

سوئفٹ کی جانب سے ہیرس کی حمایت کے بعد ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر گلوکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

موسیقی کے استعمال پر اعتراض کرنے والی فنکاروں میں صرف ٹیلر سوئفٹ شامل نہیں۔ دیگر معروف امریکی فنکار بھی ٹرمپ کی مہم یا انتظامیہ سے اپنی موسیقی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی درخواست کر چکے ہیں۔

حالیہ عرصے میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئیں جن میں سوئفٹ کے معروف گانوں کے عنوانات اور بول کو سیاسی پیغامات کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ ان ویڈیوز میں امریکی سرحد، بائیڈن انتظامیہ اور کملا ہیرس سمیت مختلف سیاسی موضوعات کو اجاگر کیا گیا۔

اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ماضی میں جاری کی گئی بعض ویڈیوز میں بھی سوئفٹ کی موسیقی سنائی دی، جن میں صدر ٹرمپ کی سرکاری سرگرمیوں اور مختلف قومی و سیاسی مواقع کی جھلکیاں شامل تھیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کی سوشل میڈیا حکمت عملی میں مقبول موسیقی، سیاسی پیغامات اور حکومتی سرگرمیوں کی ویڈیوز کو یکجا کرنا نمایاں رہا ہے۔ تاہم ٹیلر سوئفٹ کے گانے بعض ویڈیوز سے ہٹائے جانے کی حالیہ پیش رفت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ جب تک ٹیلر سوئفٹ کی ٹیم یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آتا، گانے ہٹانے کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔

Leave a reply