پاکستان نے افغانستان کو اسلحے کی مبینہ اسمگلنگ کا الزام مسترد کردیا

0
2
پاکستان نے افغانستان کو اسلحے کی مبینہ اسمگلنگ کا الزام مسترد کردیا

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان سے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ سے متعلق افغان طالبان کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر اسلحہ افغانستان منتقل کرنے کا الزام اصل صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

بیان کے مطابق افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد بڑی تعداد میں جدید ہتھیار اور فوجی سازوسامان موجود ہیں، جن کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 7.2 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران جمع ہونے والے سوویت دور کے اسلحے کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، جو ملک میں ہتھیاروں کی موجودگی کی ایک اہم وجہ ہیں۔

وزارت نے مؤقف اختیار کیا کہ افغانستان میں موجود اسلحے کو پاکستان سے منسوب کرنا حقائق کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ بیان میں افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں کو پاکستان کے لیے اہم تشویش قرار دیا گیا۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پر بعض دہشت گرد گروہوں کو پناہ اور سہولت حاصل ہے اور یہ گروہ پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

پاکستانی وزارت نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان حکام اپنے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور افغانستان کی سرزمین کو پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔

Leave a reply