
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کو غیر مؤثر قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق صدارتی حکم نامے کی توثیق کے لیے ایک قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہے، جس پر ایوان میں بحث متوقع ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے خراب امن و امان کی صورت حال کو بنیاد بنایا گیا ہے تو پھر ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی اسی اصول کے تحت اقدامات کیے جانے چاہییں۔
انہوں نے بلوچستان میں گورنر راج اور کچے کے علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کے امکان کا حوالہ دیتے ہوئے حکومتی اقدام پر سوالات اٹھائے۔
درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے سماعت کی تاریخ اور آئندہ کارروائی سے متعلق تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔









