شاہ رخ خان پر تنقید سے یوٹرن، فردوس جمال نے سب کو حیران کردیا

0
13
شاہ رخ خان پر تنقید سے یوٹرن، فردوس جمال نے سب کو حیران کردیا

پاکستان کے معروف سینئر اداکار فردوس جمال نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بارے میں اپنے سابقہ متنازع بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد شاہ رخ خان کی تضحیک کرنا نہیں تھا۔
ایک حالیہ گفتگو میں فردوس جمال نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت اداکار قرار دیا اور کہا کہ وہ دلیپ کمار کی فنی روایت کو آگے بڑھانے والے فنکاروں میں شامل ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہر اداکار کا اپنا انداز اور فکری پس منظر ہوتا ہے۔ فردوس جمال کے مطابق وہ دلیپ کمار کے طرزِ اداکاری سے زیادہ متاثر رہے ہیں، جبکہ شاہ رخ خان کا اندازِ اداکاری ان سے مختلف ہے۔
سینئر اداکار نے کہا کہ فنکار اپنے اردگرد موجود لوگوں اور اپنے پسندیدہ اداکاروں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش اور علاؤالدین جیسے بڑے فنکاروں سے متاثر ہوکر اداکاری سیکھی۔
فردوس جمال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی دوسرے فنکار سے متاثر ہونا یا اس کے انداز سے سیکھنا کوئی منفی بات نہیں، بلکہ فن سیکھنے کے عمل کا حصہ ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا نام لیے جانے پر فردوس جمال نے برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان کو اس بحث میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے اور ان کا نام ان کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں فردوس جمال شاہ رخ خان کی اداکاری اور شخصیت کے حوالے سے سخت رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ شاہ رخ خان ایک بڑے اسٹار ضرور ہیں، تاہم بطور اداکار وہ ان کے ساتھ موازنے کو درست نہیں سمجھتے۔
حالیہ بیان میں فردوس جمال کے مؤقف میں نرمی دکھائی دی ہے اور انہوں نے شاہ رخ خان کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سابق بیان کی وضاحت پیش کی ہے۔

Leave a reply