
ریاض: سعودی عرب نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے کھانے کی فراہمی سے متعلق نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت لازمی کیٹرنگ فیس عمرہ ویزا فیس میں شامل ہوگی۔
نئی پالیسی کے مطابق ہر عمرہ زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال کے مساوی رقم “نسک میل واؤچر” کی مد میں وصول کی جائے گی۔ یہ رقم الگ سے ادا کرنے کے بجائے ویزا فیس میں شامل ہوگی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری اور منظم کھانے کی سہولت فراہم کرنا اور خدمات کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ہے۔
پالیسی کے تحت ہر زائر کو ویزا جاری ہونے سے قبل ایک منفرد بی آر این مِیل کوڈ جاری کیا جائے گا، جو ویزا سے منسلک ہوگا۔ زائرین اسی کوڈ کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نسک پلیٹ فارم سے منسلک رجسٹرڈ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مکہ اور مدینہ میں ہزاروں رجسٹرڈ ریستوران اس نظام کا حصہ بنائے گئے ہیں تاکہ زائرین کو منظم اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ کھانے کے واؤچرز کی مجموعی مالیت زائر کے قیام کے دورانیے کے مطابق مقرر کی جائے گی۔
ابتدائی مرحلے میں یہ پالیسی پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر سے آنے والے عمرہ زائرین پر نافذ ہوگی، جبکہ بعد ازاں اسے دیگر ممالک تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی پالیسی کے نفاذ سے عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث ٹور آپریٹرز کو اپنی خدمات اور پیکجز کی قیمتوں میں ردوبدل کرنا پڑ سکتا ہے۔









