سعودی عرب پر حوثی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت، وزیراعظم کا اظہارِ یکجہتی

0
1
سعودی عرب پر حوثی حملے کی پاکستان کی شدید مذمت، وزیراعظم کا اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اس نوعیت کے حملے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مملکت کی خودمختاری کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم نے سعودی شہریوں سمیت وہاں مقیم غیر ملکی افراد کی سلامتی کو بھی اہم قرار دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ہونے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اطلاعات کے مطابق ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ٹاور کو میزائل حملے میں نقصان پہنچا۔ واقعے کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ آس پاس کی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ دفتر خارجہ کے مطابق شہری اور معاشی تنصیبات پر حملے نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ علاقائی سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔

دوسری جانب خطے میں سعودی عرب اورحوثی گروپ کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ اطلاعات کیمطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ریاض کیجانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات اور علاقائی امن کے عزم پر قائم ہے۔

Leave a reply