سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر کے قرض کی مدت تین سال بڑھا دی

0
12
سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر کے قرض کی مدت تین سال بڑھا دی

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو دیے گئے 5 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کر دی ہے، جس سے پاکستان پر قلیل مدتی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس وقت سعودی عرب کے پاکستان میں مجموعی ڈیپازٹس 8 ارب ڈالر ہیں، جن میں رواں سال اپریل کے دوران موصول ہونے والے 3 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2026-27 میں پاکستان کو تقریباً 21.5 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، جن میں 18 ارب ڈالر اصل قرضوں کی واپسی پر مشتمل ہیں۔ اس مجموعی رقم میں سے تقریباً 11 ارب ڈالر کے قرضوں کے رول اوور ہونے کی توقع ہے، جبکہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی گزشتہ مدت کے مقابلے میں تقریباً 500 ملین ڈالر کم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ جولائی کے دوران 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ ماہ چین سے 1.3 ارب ڈالر کی ری فنانسنگ متوقع ہے۔
بیان کے مطابق گزشتہ مالی سال میں اوپن مارکیٹ سے 9 ارب ڈالر خریدے گئے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔ مرکزی بینک کو امید ہے کہ معاشی اقدامات اور بیرونی مالی تعاون کے باعث دسمبر 2026 تک پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

Leave a reply