
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے گروپ مرحلے کا خاکہ سامنے آگیا ہے، جس کے تحت روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں ٹیمیں 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ نئے فارمیٹ کے باعث ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک سے زیادہ مقابلوں کا امکان بھی موجود رہے گا۔
ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایونٹ کا ابتدائی مرحلہ 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں تین ٹیموں کی سپر سیریز سے شروع ہوگا، جس کی فاتح ٹیم مین گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
مین راؤنڈ کا آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں بھارت اور آسٹریلیا کے میچ سے ہوگا۔
پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔
گروپ بی میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور دوسری کوالیفائر ٹیم کو رکھا گیا ہے۔
گروپ مرحلے کے بعد ٹیمیں سپر سیون مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں سے ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل کے فاتح فائنل میں عالمی چیمپئن بننے کے لیے مقابلہ کریں گے۔
نئے فارمیٹ کے تحت ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو مجموعی طور پر 13 میچز کھیلنے ہوں گے، جن میں گروپ مرحلے کے 5، سپر سیون کے 6، ایک سیمی فائنل اور فائنل شامل ہے۔
ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی دوڑ
میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، جبکہ دیگر ٹیموں میں سے آٹھ کو ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست جگہ ملے گی۔
باقی چار ٹیموں کا فیصلہ 2027 کے اوائل میں ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں سے ہوگا۔ ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور امریکا سمیت متعدد ٹیمیں کوالیفائنگ مرحلے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
دوسری جانب ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں شائقین ٹکٹ خریدنے کے بجائے بیلٹ میں اپنا نام درج کرا سکیں گے۔
2023 کے ورلڈ کپ میں بھارت نے لیگ مرحلے کے تمام میچز جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، تاہم فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔









