مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کےباعث عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا

0
7
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کےباعث عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تازہ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ خام تیل تقریباً 4 فیصد اضافے کے ساتھ 87.30 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بڑھ کر 82.30 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ اضافہ عراق میں ایران سے منسلک مسلح گروپوں کے خلاف امریکا اور سعودی عرب کی مشترکہ کارروائیوں اور خطے میں سکیورٹی خدشات کے بعد سامنے آیا۔ امریکی حکام نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجی خطے میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں بے یقینی پائی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

ادھر مالیاتی اداروں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل معمول سے کم سطح پر جاری ہے، جبکہ ایران اور عمان کے درمیان شپنگ سے متعلق مذاکرات بھی کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔

دوسری جانب امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران تقریباً 33 لاکھ بیرل کمی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس نے عالمی منڈی میں قیمتوں کو مزید سہارا دیا۔ سرکاری اعداد و شمار امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔

Leave a reply