فیفا کا 20 ارب ڈالر کے تجارتی منصوبے پر غور، یورپی فٹبال حلقوں کی شدید مخالفت

0
23
فیفا کا 20 ارب ڈالر کے تجارتی منصوبے پر غور، یورپی فٹبال حلقوں کی شدید مخالفت

عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے اپنے مجوزہ ذیلی ادارے “فیفا فارورڈ انٹرپرائز” میں 20 فیصد حصص نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ادارے کی مجموعی مالیت تقریباً 20 ارب ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ فیفا اس فروخت سے 4.2 ارب ڈالر تک سرمایہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
منصوبے کے مطابق نیا ادارہ مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ سمیت بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے تجارتی حقوق، اسپانسرشپ اور ایونٹ آپریشنز کا انتظام سنبھالے گا۔ اطلاعات کے مطابق امریکی سرمایہ کاری فرم تھرائیو کیپیٹل اس منصوبے کے لیے سرمایہ کاروں کی تلاش میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رکن ممالک کی مالی معاونت میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا، خاص طور پر چھوٹی فٹبال ایسوسی ایشنز کو زیادہ فنڈز فراہم کیے جا سکیں گے۔ فیفا کے مطابق ادارے کی گورننس، قوانین اور بین الاقوامی میچ کیلنڈر پر تنظیم کا اختیار برقرار رہے گا۔
دوسری جانب یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے اس منصوبے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کو تجارتی اثاثے کے طور پر پیش کرنا کھیل کی بنیادی روح کے خلاف ہے۔ یوئیفا کا مؤقف ہے کہ فٹبال کسی ایک ادارے کی ملکیت نہیں اور نہ ہی عالمی مقابلوں کو سرمایہ کاری کی مصنوعات بنایا جانا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوئیفا کے رکن ممالک اس معاملے پر ہنگامی مشاورت کر سکتے ہیں، جبکہ ممکنہ ردعمل کے مختلف آپشنز بھی زیر غور ہیں۔
فیفا کے قوانین کے تحت اس تجویز کی منظوری کے لیے تنظیم کی 211 رکن ایسوسی ایشنز کی اکثریت اور فیفا کونسل کی حمایت درکار ہوگی۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ منظوری کی صورت میں رکن ممالک کی مالی گرانٹس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ادھر ناقدین کا کہنا ہے کہ نجی سرمایہ کاروں کی شمولیت مستقبل میں کھیل سے متعلق اہم تجارتی فیصلوں پر ان کے اثر و رسوخ میں اضافہ کر سکتی ہے، جبکہ فیفا اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ کھیل کے انتظامی اختیارات اس کے پاس ہی رہیں گے۔

Leave a reply