جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی خطرے کی وارننگ جاری

جاپان کے جنوبی علاقے میں 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد حکام نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ کیوشو جزیرے کے قریب سمندری علاقے میں آیا، جس کا مرکز کماموتو صوبے کے قریب تھا۔ زلزلے کی گہرائی سمندر کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ ساحلی علاقوں میں ایک میٹر تک بلند سمندری لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی اقدامات کرنے، محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق بعض ساحلی مقامات پر سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق بڑے پیمانے پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکومت نے کماموتو کے علاوہ ناگاساکی، کاگوشیما، فوکوکا، ساگا، اوئیتا اور میازاکی صوبوں میں بھی ہنگامی زلزلہ وارننگ جاری کی ہے۔
جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلوں کی سرگرمیاں زیادہ ہوتی ہیں۔ یہ ملک بحرالکاہل کے زلزلہ خیز علاقے “رِنگ آف فائر” میں واقع ہے، جہاں مختلف ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کے باعث زلزلے آتے رہتے ہیں۔
جاپان ماضی میں بھی بڑے زلزلوں اور سونامی کا سامنا کر چکا ہے۔ 2011 میں آنے والے شدید سمندری زلزلے کے بعد آنے والی سونامی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی اور فوکوشیما ایٹمی تنصیب کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔









