نو مسلم افراد کے لیے ڈیجیٹل شناختی کارڈ سروس متعارف

ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے اسلام قبول کرنے والے افراد کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل شناختی کارڈ سروس متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد اسلام قبول کرنے کے عمل کو آسان، محفوظ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا ہے۔
نئی سروس کے ذریعے اسلام قبول کرنے کی درخواست جمع کرانے سے لے کر منظوری اور سرکاری دستاویز کے اجرا تک تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا سکیں گے۔ منظوری کے بعد ڈیجیٹل کارڈ خودکار طور پر صارف کے اکاؤنٹ میں دستیاب ہوگا، جہاں سے اسے باآسانی دیکھا اور استعمال کیا جا سکے گا۔
کارڈ میں ایک منفرد کیو آر (QR) کوڈ بھی شامل ہوگا، جس کے ذریعے متعلقہ ادارے یا افراد اس کی سرکاری حیثیت اور اصلیت کی تصدیق کر سکیں گے۔ اس منصوبے پر سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (SDAIA) کے تعاون سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ تمام جاری کردہ کارڈز کی تصدیق کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ اسلامی امور کے مطابق اس اقدام سے نو مسلم افراد کو سرکاری شناخت حاصل کرنے میں آسانی ہوگی، جبکہ سرکاری ریکارڈ، اعداد و شمار اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے عمل کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔
یہ اقدام سعودی عرب کی ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دینے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت گزشتہ برسوں میں حج، عمرہ اور دیگر مذہبی خدمات کے لیے متعدد جدید سہولیات متعارف کرائی جا چکی ہیں۔









