آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان متوقع، شرح سود برقرار رہنے کا امکان

0
11
آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان متوقع، شرح سود برقرار رہنے کا امکان

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں آئندہ تقریباً 50 روز کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ معاشی ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ پالیسی ریٹ کو موجودہ سطح 11.5 فیصد پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

اجلاس کی صدارت اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد کریں گے، جہاں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، مہنگائی، زرِ مبادلہ کے ذخائر، کرنٹ اکاؤنٹ اور دیگر اہم معاشی اشاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث مرکزی بینک محتاط حکمتِ عملی اختیار کر سکتا ہے۔

ایک حالیہ سروے کے مطابق بیشتر معاشی ماہرین شرح سود میں کسی تبدیلی کی توقع نہیں رکھتے، جبکہ چند ماہرین معمولی کمی کے امکان کا اظہار کر رہے ہیں۔

حالیہ معاشی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محدود سطح پر رہا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران اسٹیٹ بینک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر بھی ہدف کے مطابق برقرار رہے۔

ادھر جون 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ پورے مالی سال کے دوران اوسط افراطِ زر تقریباً 7.05 فیصد رہی، جو مقررہ ہدف کے قریب سمجھی جا رہی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا باضابطہ اعلان اجلاس کے اختتام پر کیا جائے گا، جس کے بعد شرح سود اور دیگر اہم معاشی فیصلوں کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Leave a reply