بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین مستعفی، نئے صدر کے انتخاب تک اسپیکر قائم مقام صدر ہوں گے

ڈھاکا: بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
76 سالہ محمد شہاب الدین اپریل 2023 سے ملک کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ ان کی آئینی مدت 2028 میں مکمل ہونا تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ طبی معائنے کے دوران ان میں آٹونومک نیوروپیتھی (Autonomic Neuropathy) کی تشخیص ہوئی، جس کے باعث انہیں بعض اوقات اچانک مختصر مدت کے لیے بے ہوشی کی کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
صدر کے پریس سیکرٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے صدر کے انتخاب تک قومی پارلیمان کے اسپیکر قائم مقام صدر کے فرائض انجام دیں گے۔ بنگلادیش کے آئین کے تحت آئندہ 90 دن کے اندر نئے صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کے ارکان کے ووٹوں سے کیا جائے گا۔
محمد شہاب الدین کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقامی میڈیا میں ان کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفے کی واحد وجہ ان کی خراب صحت ہے اور وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی جماعت کے امیدوار کے نئے صدر منتخب ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔









