
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے 38 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے کے مجموعی جائزے کے مطابق پیٹرول 24 روپے 47 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ قیمتوں کا جائزہ لے کر نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔









