
جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر مبینہ حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملہ آور بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو چیک پوسٹ سے فاصلے پر تباہ کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور ہلاک ہوا، جبکہ مزید تین مبینہ دہشت گرد ایک قریبی عمارت میں موجود تھے۔ بعد ازاں کیے گئے کلیئرنس آپریشن میں انہیں بھی ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔









