ٹانک: پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، 15 اہلکار شہید، 12 حملہ آور مارے گئے

0
17
ٹانک: پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، 15 اہلکار شہید، 12 حملہ آور مارے گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 12 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ حملہ آوروں نے پہلے چیک پوسٹ کا حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں نے مؤثر مزاحمت کرتے ہوئے متعدد حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں ایک بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی، جس سے ہونے والے شدید دھماکے کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور 15 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہیں۔
فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔ بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Leave a reply