لاہور میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 44 زخمی

0
0
لاہور میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 44 زخمی

لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ کئی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ متعدد مقامات پر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں مزید پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مون سون بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 44 افراد زخمی ہوئے۔ ادارے کے مطابق شدید بارش کے دوران بوسیدہ اور مخدوش عمارتیں گرنے سمیت دیگر واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک بچے کی موت واقع ہوئی۔

بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جن میں کئی سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ بعض صارفین نے پارکنگ ایریاز میں پانی بھرنے کے باعث گاڑیوں کے متاثر ہونے کی بھی اطلاعات شیئر کیں۔

دوسری جانب لاہور کے بعض رہائشی علاقوں، بشمول ڈی ایچ اے، میں بھی کئی مقامات پر گھٹنوں تک پانی کھڑا رہا۔ سوشل میڈیا پر بعض معروف شخصیات نے بھی بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا۔

Leave a reply