بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف بڑا عزم، فیلڈ مارشل نے واضح پیغام دے دیا

0
11
بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف بڑا عزم، فیلڈ مارشل نے واضح پیغام دے دیا

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں عوام کے تعاون سے جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ریاستی ادارے اور عوام کے باہمی تعاون سے ایسے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے بلوچستان کو قدرتی وسائل سے مالا مال اور پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
خطاب میں قومی یکجہتی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے قومی اتحاد اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شرکا نے ملک کے امن، استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a reply