
بیونس آئرس: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے خلاف شکست کے بعد ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ تاہم کپتان لیونل میسی ٹیم کے ہمراہ ارجنٹائن نہیں آئے، جس پر مداحوں میں مختلف سوالات اٹھنے لگے۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق تمام کھلاڑی ایک ہی پرواز کے ذریعے وطن واپس نہیں لوٹے۔ میسی سمیت چند کھلاڑی پہلے مختصر آرام کے لیے امریکا روانہ ہوئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی اور ان کے ساتھی روڈریگو ڈی پال ورلڈ کپ کے مصروف شیڈول کے بعد براہ راست میامی گئے، جہاں وہ کچھ دن آرام کریں گے۔ اطلاعات ہیں کہ اس کے بعد میسی اپنے آبائی شہر روزاریو جا کر اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ صرف میسی ہی نہیں بلکہ مزید نو کھلاڑی بھی ٹیم کے ساتھ واپس نہیں آئے۔ ان میں سے بعض اپنی تعطیلات گزارنے جبکہ کچھ اپنے اپنے کلبوں میں شمولیت کے لیے مختلف مقامات پر روانہ ہوئے ہیں۔
فائنل میں شکست کے بعد میسی نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ناکامی کا دکھ جلد ختم نہیں ہوگا، تاہم انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچی اور اپنے کھیل سے قوم کو متحد رکھا۔ انہوں نے اسپین کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ارجنٹائنی شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ادھر بیونس آئرس میں قومی ٹیم کے استقبال کے لیے ہزاروں مداح موجود تھے۔ کوچ لیونل اسکیلونی اور دیگر کھلاڑیوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، جبکہ شائقین نے شکست کے باوجود ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
اس دوران دارالحکومت کے معروف اوبلیسک چوک میں بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ جشن کے ماحول میں بعد ازاں چند مقامات پر پولیس اور بعض افراد کے درمیان معمولی جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے کارروائی کی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔









