امریکا کی جانب سے سعودی عرب اور کویت کے لیے اربوں ڈالرز کے دفاعی معاہدوں کی منظوری

امریکا نے مشرق وسطیٰ کے اہم اتحادی ممالک سعودی عرب اور کویت کے لیے بڑے دفاعی معاہدوں کی منظوری دے دی ہے، جن کی مجموعی مالیت اربوں ڈالرز بنتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے لیے تقریباً ایک ارب 96 کروڑ ڈالرز مالیت کے ممکنہ دفاعی پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ اس معاہدے میں جدید گائیڈڈ میزائل سسٹمز، لانچرز، وار ہیڈز، راکٹ انجن، فیوز، اسپیئر پارٹس اور متعلقہ تکنیکی معاونت شامل ہے۔
حکام کے مطابق اس دفاعی پیکج کا مقصد سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت جدید گائیڈنس ٹیکنالوجی، تربیتی سہولیات اور ہتھیاروں کی دیکھ بھال کے لیے ضروری معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
امریکی حکام کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں دفاعی کمپنی بی اے ای سسٹمز کا اہم کردار ہوگا۔
دوسری جانب امریکا نے کویت کے لیے بھی تقریباً 48 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کے دفاعی سپورٹ معاہدے کی منظوری دی ہے۔ یہ معاہدہ کویتی فضائیہ کے سی-17 فوجی مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال، اپ گریڈ اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے سے متعلق ہے۔
اس پیکج کے تحت کویت کو طیاروں کے پرزے، جدید مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر، تکنیکی دستاویزات اور تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانا اور خطے میں ان کی فوجی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔









