گوادر بندرگاہ پر پاکستان کا پہلا میرین بنکرنگ آپریشن کامیاب، بحری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کا آغاز

0
26
گوادر بندرگاہ پر پاکستان کا پہلا میرین بنکرنگ آپریشن کامیاب، بحری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کا آغاز

گوادر بندرگاہ نے پاکستان کی بحری تجارت میں ایک اہم پیش رفت رقم کرتے ہوئے تجارتی بحری جہازوں کے لیے میرین بنکرنگ (بحری ایندھن کی فراہمی) کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔

ملک میں پہلی مرتبہ گوادر پورٹ پر ایک بین الاقوامی بحری جہاز کو بنکرنگ کی سہولت فراہم کی گئی، جس کے بعد پاکستان کی بڑی تجارتی بندرگاہوں سے بحری جہازوں کو ایندھن فراہم کرنے کا نظام مزید وسعت اختیار کر گیا ہے۔

اس تاریخی آپریشن کے دوران ایل این جی جہاز کو عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے معیار کے مطابق تیار کردہ ویری لو سلفر فیول آئل (VLSFO) فراہم کیا گیا۔ مجموعی طور پر 2500 میٹرک ٹن بحری ایندھن جہاز کو دیا گیا۔

آپریشن میں مقامی ریفائنری سے تیار کردہ ایندھن استعمال کیا گیا، جبکہ بنکرنگ کا عمل بین الاقوامی توانائی کمپنی اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔

حکام کے مطابق پاکستان اب کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر سمیت اپنی تینوں بڑی تجارتی بندرگاہوں پر عالمی معیار کے مطابق بحری جہازوں کو ایندھن فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔

نئے نظام کے فعال ہونے سے پاکستان علاقائی بحری تجارت میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکتا ہے اور خطے کے اہم ری فیولنگ مراکز کے متبادل کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو فروغ دے سکتا ہے۔

گوادر پورٹ پر بنکرنگ سہولت کا آغاز بندرگاہی سرگرمیوں، بحری تجارت اور توانائی کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply