
ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے صاحبزادے اور ہدایت کار آریان خان نے کہا ہے کہ والد کے ساتھ ان کا موازنہ کیا جانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، کیونکہ شاہ رخ خان ایک منفرد صلاحیتوں کے مالک فنکار ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں آریان خان نے اپنے والد کی فنکارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان نے اپنے کام کے ذریعے جو مقام حاصل کیا ہے، وہ بے مثال ہے۔ ان کے مطابق اتنی بڑی شخصیت کے ساتھ موازنہ ہونا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
آریان خان کا کہنا تھا کہ انہیں نئے خیالات پر کام کرنے اور انہیں عملی شکل دینے میں خاص دلچسپی ہے۔ وہ کسی کہانی کو تحریر کرنے سے لے کر اسے اسکرین پر پیش کرنے تک فلم سازی کے تمام مراحل میں حصہ لینا پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہانی سنانے کے انداز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موضوعات بظاہر ایک جیسے ہو سکتے ہیں، تاہم کسی بھی کہانی کو منفرد بنانے کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اسے کس تخلیقی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ آریان خان کو ٹائم میگزین کی ٹائم 100 نیکسٹ انڈیا 2026 فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں مختلف شعبوں میں نمایاں صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والی ابھرتی ہوئی شخصیات کو جگہ دی جاتی ہے۔
آریان خان نے ہدایت کاری کے میدان میں اپنی شناخت نیٹ فلکس کی طنزیہ سیریز دی بیڈز آف بالی ووڈ کے ذریعے بنائی، جس میں بھارتی فلمی صنعت کے اندرونی معاملات اور شوبز کی دنیا کے دلچسپ پہلوؤں کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا۔
سیریز میں لکشیا، بوبی دیول، سحر بامبا، راگھو جوئیل، مونا سنگھ اور منوج پاہوا سمیت متعدد فنکاروں نے اداکاری کی۔
سیریز کی کہانی آسمان سنگھ نامی نوجوان اداکار کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے دوست اور مینیجر کے ہمراہ فلمی دنیا میں کامیابی اور شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
آریان خان کے مطابق ان کی توجہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور کہانیوں کو نئے انداز میں پیش کرنے پر مرکوز ہے۔









