
کراچی میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے اعلان کے بعد مختلف فلور ملز نے فئیر پرائس اسٹالز قائم کرنا شروع کر دیے ہیں، جہاں شہریوں کو آٹا رعایتی نرخ پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق فئیر پرائس اسٹالز پر آٹا 125 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1250 روپے میں دستیاب ہے۔
اتحاد فلور ملز، اتحاد ٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر فئیر پرائس اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں آٹے کی فروخت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پیر کے روز کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد سامنے آیا، جس میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور دیگر نمائندوں نے شہر بھر میں فئیر پرائس اسٹالز کے ذریعے رعایتی نرخ پر آٹا فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔








